کاپو20مئی (ایس او نیوز) اڈپی ضلع کے کاپو کے قریب شیروا میں غیر قانونی طورپر ریت لے جانے والی لاریوں کو عوام کی جانب سے روکنے کامعاملہ سامنے آیا ہے۔
کہاجاتا ہے صبح کے اوقات میں ایک ہی شخص کی ملکیت والی دو لاریاں ریت بھر کر اڈپی کی طرف لے جائی جارہی تھیں۔تب گرام پنچایت رکن ناگیندرا اور دوسرے چند نوجوانوں پر مشتمل ایک گروہ نے روک کر پوچھ تاچھ کی اور تقریباً ایک گھنٹے تک ان کے درمیان گرماگرم بحث ہوتی رہی۔جب موقع پر شیروا پولیس پہنچ گئی تولاری ڈرائیورنے بتایا کہ یہ ریت پی ڈبلیو ڈی محکمے کے کام میں استعمال کے لئے لیجائی جارہی ہے۔ اس پر احتجاج کرنے والاگروہ ضد پر اڑ گیاکہ جب تک مائننگ ڈپارٹمنٹ والے اس کی تصدیق نہیں کریں گے تب تک وہ لاریوں کو آگے جانے نہیں دیں گے۔ اس کے بعد پولیس نے دونوں لاریوں کو اپنے قبضے میں لینے کے بعد مائننگ ڈپارٹمنٹ کے حوالے کردیا۔